عام انتخابات میں ن لیگ کے ساتھ ملکر میدان میں اتریں گے، شافع حسین

گجرات (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر میدان میں اتریں گے۔ اپنے ایک بیان میں چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لیگ اور ہم نے کمیٹیاں بنا دی ہیں، ن لیگ کی کمیٹی میں رانا ثنا اللہ، ایاز صادق اور سعد رفیق جبکہ ق لیگ کی طرف سے کمیٹی میں چودھری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ اور چودھری سرور شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، لیکن امید ہے کہ اس بار سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کی جانب سے یہ بھی بیان آ رہا ہے کہ شاید سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر لیں، اگر ن لیگ والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں بھی کرتے تو ہم اوپن الیکشن کیلئے تیار ہیں، پنجاب میں ہم اپنے 15 سے 20 امیدوار انتخابی میدان میں اتاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کرانے کا کہہ دیا ہے، اب الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی سمیت ہر ایک کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے، ہم تو الیکشن کی اسی طرح ہی تیاری کرتے رہیں گے اور ہر حال میں الیکشن لڑیں گے۔ چودھری شافع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ٹرانسفر پوسٹنگ کے بھی پیسے لئے گئے، غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں کو لیگل کروانے کے پیسے لیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں