سیرت النبی ﷺ کانفرنس

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال و پنز کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

لاہور(زاہد انجم سے)علمائے کرام اور دینی سکالرز کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کو نبی آخرالزماں ﷺ کی سیرت طیبہ اور حیات مبارکہ کے تمام پہلوؤں سے روشناس کروانے کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں تاکہ نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات سے صحیح معنوں میں آگاہی حاصل ہوسکے اور وہ اُن کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کر کے دنیاوی و اُخروی کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال اور پنز کے زیر اہتمام منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں بین الاقوامی سطح کے علمائے کرام نے شرکت کی جن میں جامعتہ الازہر سے پی ایچ ڈی ڈاکٹر سید نوید نعیم گیلانی الازہری، یونیورسٹی آف شیخ السلام ابن تیمیہ سے عربی کے پروفیسر ڈاکٹر ابرہیم فاروقی اورمصر سے ڈاکٹر محب النبی طاہر شامل تھے جبکہ پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس پروفیسر ندرت سہیل،صدر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر حسیب تھند، ڈاکٹر عبدالرحمان، ڈاکٹر عامر بشیر،ڈاکٹر وحید،ڈاکٹر اجمل چوہدری، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر سونیا ایوب، صدر پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن رانا پرویز سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد شریک تھی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دنیا اور آخرت میں کامیابی کا انحصار اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول ؐکی اطباع پر منحصر ہے اور ان سنہری تعلیمات پر عمل کر کے ہی ہم ایک پر امن، اعتدال پسنداور ترقی یافتہ معاشرے اور ریاست کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکثر مسائل کی بنیادی وجہ ان تعلیمات سے رو گردانی اور اپنے اسلاف کی سیرت و کردار کو نظر انداز کرنا ہے جس پر تمام علمائے کرام اور دینی شخصیات کو غور کرنا چاہیے اور اصلاح معاشرہ کی ایسی مہم شروع کرنی چاہیے جو قول و فعل کے تضاد سے مبراہو تاکہ ہم اپنے آپ کو مستقبل کی قیادت کے لئے رول ماڈل کے طور پر پیش کر سکیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا”عمل سے زندگی بنتی ہے، جنت بھی جہنم بھی:یہ خاکی اپنی فطرت میں نا نوری ہے نا ناری ہے”۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام ڈاکٹر محب النبی طاہر،ڈاکٹر سید نوید نعیم گیلانی الازہری، ڈاکٹر ابراہیم فاروقی اور دیگر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبرﷺؐ حقیقی معنوں میں محسن انسانیت ہیں جنہوں نے رہتی دنیا تک انسانیت کو اس کا مقام دلانے کیلئے ذات پات،رنگ و نسل اور بادشاہ و گدا کے فرق کو ختم کر کے ایک ہی صف میں کھڑ ا کر دیا اورعہدے و مرتبے کا معیار صرف تقوے کو قرار دیا۔ صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر حسیب تھند نے کہا کہ انسانیت کی معراج حضور اکرم ﷺ ہیں جنہوں نے زندہ دفن کی جانے والی بیٹیوں کو اعلیٰ مقام دلوایا اور ماں کے قدموں میں جنت رکھ دی۔انہوں نے کہا کہ ہم اُن کی محبت کا حق تب ہی ادا کر سکتے ہیں جب ہم اپنی زندگیوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطابق اور سنت رسول پر پوری طرح عمل کریں۔ اس پاک محفل میں حضور اکرم ؐ کی شان میں گلہائے عقیدت اور درود و سلام کے نذرانے بھی پیش کیے گئے،پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں