آرمی چیف

آرمی چیف کا دورہ لاہور ،صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے کہاہے کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں،غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) نے دورہ لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ’غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں۔

انہوںنے کہاکہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں