راجہ پرویز اشرف

آصف زرداری کی مفاہمت کی سیاست نے پاکستان کو سیاسی عدم استحکام ،ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ‘راجہ پرویز اشرف

مریدکے( نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی ،سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد اور اداروں کی بالادستی ،جمہوریت کے تسلسل کی سیاست کی ہے ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 18اکتوبر شام پانچ بجے مریدکے سمیت پوری دنیا میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔

انہوں نے پیپلز پارٹی مریدکے کے دفتر میں پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری صابر حسین بھلہ ایم پی اے کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری دانش الیاس گجر پیپلز پارٹی ضلع شیخوپورہ کے عہدیدار ملک جمشید شہباز انفارمیشن سیکرٹری سٹی مریدکے ناصر علی بھٹی اور ڈاکٹر اختر علی مغل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ بلاول بھٹو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے جارہے ہیں جس کا آغاز پیپلز پارٹی کے منی لاڑکانہ مریدکے سے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اساس جمہوریت کے تسلسل ترقی خوشحالی عوام کے حقوق کی آواز کا دوسرا نام پاکستان پیپلز پارٹی ہے ،انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی مفاہمت کی سیاست نے پاکستان کو سیاسی عدم استحکام اور ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،آج کوئی اور جماعت عوام کے سامنے جھوٹے دعوے کرکے ہیرو بننے کی کوشش کرے تو عوام نہیں مانے گی ۔

انہوں نے کہا کہ چند عقل کے اندھے یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی پنجاب سے ختم ہوچکی ،پنجاب پیپلز پارٹی کا آئندہ الیکشن میں ثابت ہوگا انشااللہ جیت کر دکھائیں گے ۔سیاسی جماعتوں کو پنجاب میں ایسے سرپرائز دیں گے وہ دانتوں میں انگلیاں لیکر بیٹھ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایٹمی بنیاد دی، سی پیک موٹرویز اور دیگر عالیشان پروگرام دیئے ، شہادتیں ،جیلیں قبول کرلیں مگر ہمیشہ جمہوریت عوام اور پاکستان کی بات کی ،سب سے پہلے پاکستان کھپے کا نعرہ پیپلز پارٹی نے لگایا اسکو عوام سے الگ کرنے کے خواب دیکھنے والے تاریخ میں عبرت کا نشان بنے اب بھی ایسے خواب دیکھنے والے کامیاب نہیں ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں