نگران وزیر اطلاعات

ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کے لئے بڑا خطرہ ہیں، نگران وزیراطلاعات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کے لئے بڑا خطرہ ہیں ، ہمیں معاشرے کے تمام طبقات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات بارے آگاہی دینا ہوگی، پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کا قیام اس ضمن میں پہلا قدم ہے، آئندہ انتخابات فروری 2024 میں ہوں گے، پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، ہم تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان ٹیلی ویڑن میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد، وفاقی سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی سید آصف حیدر، پی ٹی وی کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز عون ساہی و دیگر بھی موجود تھے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے آج پہلا قدم اٹھایا گیا ہے جس پر پی ٹی وی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انتظامیہ نے مختصر وقت میں کلائمیٹ چینج ڈیسک قائم کر کے اسے علاقائی سٹیشنوں سے منسلک کیا اور اس ڈیسک پر قابل رپورٹرز کو تعینات کیا جو عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات اور چیلنجوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے نجی میڈیا پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کی کوریج کیلئے اس طرز کے ماڈل کو اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری میڈیا بھی نجی میڈیا کے ساتھ مل کر ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرے۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت اطلاعات کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن سروس اکیڈمی اس موضوع پر صحافیوں اور محققین کو تربیت فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کلائمیٹ چینج ڈیسک سے منسلک رپورٹرز موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ علاقوں کے مقامی لوگوں سے ملیں اور انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ اس ضمن میں والدین، اساتذہ اور مختلف شعبوں کے ماہرین سمیت سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں معاشرے کے تمام طبقات کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور چیلنجوں سے آگاہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک درست سمت میں ایک بہترین قدم ہے۔ پی ٹی وی کو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے بارے میں خصوصی پروگرام اور دستاویزی فلمیں تیار کرنی چاہئیں۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ سال فروری میں عام انتخابات ہونے ہیں اور اس کے لئے ہماری پالیسی واضح ہونی چاہئے، انتخابات کی دوڑ میں ہمارا کوئی پسندیدہ نہیں، پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، ہم تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں موقع فراہم کریں گے اور اس بات کی عکاسی وزارت اطلاعات کے تمام اداروں بشمول پی ٹی وی کے پروگراموں، خبروں اور پالیسی میں بھی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے صرف رپورٹنگ اور ڈیسک کافی نہیں بلکہ اس کام پر مامور افراد کی مستقل تربیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پوری کرہ ارض اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے، پی ٹی وی اس ضمن میں خصوصی پروگرام پیش کرے اور نیوز بلیٹن کے اندر ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق خبر یا ماڈیول ضرور شامل ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات ظہور احمد نے کہا کہ کلائمیٹ چینج اور ڈیزاسٹر رپورٹنگ اسپیشلائزڈ فیلڈز ہیں، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر پی ٹی وی کلائمیٹ چینج ڈیسک پر مامور عملہ کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کی رپورٹنگ روزانہ کی بنیاد پر ایک سرگرمی ہے اور یہ آفات سے نمٹنے کی تیاری کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری کے فقدان اور قبل از وقت وارننگ کے کمزور نظام کے باعث پاکستان میں قدرتی آفات سے ہونے والا نقصان ان ممالک سے کہیں زیادہ ہے جو قدرتی آفات سے نمٹنے کی پہلے سے تیاری کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اپنے نیوز سسٹم میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق خبروں کو ترجیح دے گا۔ تقریب سے وفاقی سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی سید آصف حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک ایسی حقیقت سے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، میڈیا کا کردار اس ضمن میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ چیلنج بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اس میں آگاہی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کے قیام کو سراہا۔ قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کا افتتاح کیا۔ کلائمیٹ چینج ڈیسک موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عوام کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں