شیخ رشید احمد

شیخ رشید احمد کو 9 مئی کے 13 مقدمات میں ملزم نامزد کر دیا گیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو 9 مئی کے 13 مقدمات میں ملزم نامزد کر دیا گیا ، سپیشل جج انسداد دہشت گردی راولپنڈی نے شیخ رشید اور راشد شفیق کی مزید چار مقدمات میں عبوری ضمانتیں ذاتی مچلکوں پر منظور کرلیں۔جمعہ کو شیخ رشید اور راشد شفیق سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ پھر عدالت میں پیش ہوئے۔تھانہ آرآے بازار جی ایچ کیو حملہ کیس ،ٹیکسلا ، واہ کینٹ اور صدر کنٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا کی ۔ وکیل سر دار عبد الرزاق نے کہاکہ شیخ رشید کے خلاف سیاسی انتقام ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا، شیخ رشید اور راشد شفیق کے نام ان گنت مقدمات میں ڈال دئیے گئے

ہیں۔ سر دار عبد الرزاق نے کہاکہ ہر روز نئے مقدمے کی خبر ملتی ہے۔ جج ملک اعجاز آصف نے کہاکہ شیخ صاحب لگتا ہے آپ کا چلہ الٹا پڑھ گیا ہے ۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ میرے خلاف سابقہ کوئی مقدمہ نہیں تمام مقدمات چلے کے بعد کے ہیں، آئی جی پنجاب ہائیکورٹ میں لکھ کر دے چکے ہیں کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ نہیں۔

سر دار عبد الرزاق نے کہاکہ اب 9 مئی کے مقدموں میں تتمہ بیانات کے ذریعے ملوث کیا جارہا ہے ۔ عدالت نے شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کی عبوری ضمانت 18 نومبر تک منظور کرلی اور ان کی تمام درخواستیں یکجا کردیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں