انضمام الحق

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انضمام الحق کا استعفیٰ قبول کرلیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان انضمام الحق کا چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ منظور کر لیا۔انضمام الحق نے قومی مینز سلیکشن کمیٹی اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ 30 اکتوبر کودیا تھا۔ سابق کپتان انضمام الحق کو 7 اگست 2023 کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور گزشتہ ماہ کے شروع میں انہیں جونیئر مینز سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹی وی پروگرام میں کرکٹ بورڈ قوانین کے منافی گفتگو کی تھی،پاکستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق سے متعلق تحقیقات جاری رکھے گا۔سابق چیف سلیکٹر نے ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ پی سی بی کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اْن کے رویے سے شدید ناخوش ہے۔ذرائع نے بتایا کہ انضمام الحق کے استعفیٰ کے بعد ان کی سلیکشن کمیٹی کا برقرار رہنا بھی مشکل ہے۔انضمام الحق نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران الزامات تو لگا دیے گئے لیکن بورڈ اب انکوائری کے لیے نہیں بلا رہا نہ رابطہ کررہا ہے اور نہ ای میلز کا جواب دے رہا ہے، نہ بورڈ یہ بتارہا ہے کہ کس چیز کی انکوائری ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے میرا استعفیٰ منظور نہ ہونے کا بھی ٹی وی سے علم ہوا، ذکا اشرف اپنی ذمے داری دوسروں پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔انٹرویو کے جواب میں پی سی بی نے موقف اختیار کیا تھا کہ انضمام الحق کی ای میل کل موصول ہوئی، یقینی طور پر جواب دیں گے۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق تحقیقات مفادات کے تصادم کی ہو رہی ہیں اور یہ انضمام الحق کو پتہ ہے، تمام تحقیقات مکمل ہونے پر انضمام کو بتایا جائے گا اور انہیں بلایا بھی جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں