حافظ طاہر اشرفی

اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہے،حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علمائے کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی واضح ہے،پاکستان واحد ملک ہے جس نے فلسطین میں امداد بھیجی، پاکستان کے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں،سعودی عرب ، یو اے ای اور قطر کے ساتھ معاشی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او آئی سی ماضی کے مقابلے میں اتحاد کہیں بہتر ہے ، او آئی سی کے کوششوں سے ہی تیرہ ووٹ ایک طرف ہوئے ہیں ، عارضی جنگ بندی بھی ہوئی وہ بھی اوآئی سی کی کوششوں سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی انسانی حقوق کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعظم نے خود او آئی سی اجلاس میں شرکت کی اور انہوں نے او آئی سی میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کیلئے ٹریبونل کے قیام کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فلسطین کی امداد کو بڑھایا ہے اور پوری انسانیت اس وقت اہل فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر ہر فورم پر آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، مسئلہ فلسطین پر پاکستان اور امت مسلمہ میں تقسیم نہیں ، کل امریکہ نے سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کی ، پاکستان کی وزارت خارجہ نے اس پر واضح پالیسی بیان دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ اسرائیل ظالم ملک ہے ، پاکستان واحد ملک ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہیں۔ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، یو اے ای اور قطر کے ساتھ معاشی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوا لے سے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، نگران وزیر اعظم کا موقف وہی ہے جو روز اول سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں