سپریم کورٹ

ذوالفقار بھٹو قتل ریفرنس،سپریم کورٹ کا آئینی و فوجداری معاملات کے ماہرین کو معاون مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کے دوران آئینی و فوجداری معاملات کے ماہرین کو معاون مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ، وکیل مخدوم علی خان اور علی احمد کرد نے عدالتی معاونت کی ہامی بھر لی، چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس میں کئی وکلا وفات پاچکے، عدالت کی معاونت کے لیے مشاورت کے بعد مزید نام دیں گے۔

منگل کو سپریم کورٹ میں 11 سال بعدذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی ۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 9 رکنی لارجر بینچ نے سابق وزیراعظم سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی ۔ لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔ سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے سماعت کی براہ راست کارروائی کی درخواست منظور کی، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کیس آخری بار 2012 میں سنا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے فریق بننے کی درخواست دے دی، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں بلاول بھٹو کی نمائندگی کروں گا، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو ورثا کے طور پر بھی سن سکتےہیں اور بحیثیت سیاسی جماعت کے بھی۔

عدالت عظمی نے ریفرنس میں پیش ہونے والے وکلا کے نام لکھ لیے، چیف جسٹس قاضی فائز نے کہا کہ سپریم کورٹ کی کارروائی پہلے پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کرتے تھے، اب ہماری کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر کاروائی لائیو ہوگی۔ چیف جسٹس نے فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کیا کہ آپ کی درخواست آنے سے پہلے ہم نے لائیو نشریات کا فیصلہ کر لیا تھا، صدارتی ریفرنس ابھی بھی برقرار ہے، یہ واپس نہیں کیا گیا، براہ راست کارروائی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، آج براہ راست کارروائی کا لنک دستیاب ہے۔

احمد رضا قصوری بھی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ میرے مکل کو بھی سنا جائے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہر قانونی وارث کا حق ہے کہ اسے سنا جائے، کیس کی سماعت لائیو لنک سے نشر ہو رہی ہے، سوال یہ ہے کہ یہ صدارتی ریفرنس ہے تو کیا حکومت اس کو اب بھی چلانا چاہتی ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے ہدایات ہیں کہ صدارتی ریفرنس کو حکومت چلاناچاہتی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی کارروائی پہلے پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کرتے تھے، اب ہماری کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر کارروائی براہ راست ہوگی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ آپ ریفرنس کا ٹائٹل پڑھیں، جس پر اٹارنی جنرل نے ریفرنس پڑھنا شروع کر دیا۔ اٹارنی جنرل نے ریفرنس میں اٹھائے گئے سوالات عدالت کے سامنے رکھے اور دلائل کا آغاز کیا، چیف جسٹس نے کہا کہ کون سے صدر نے یہ ریفرنس بھیجا تھا، اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ ریفرنس صدر زرداری نے بھیجا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس کے بعد کتنے صدر آئے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان کے بعد دو صدور آ چکے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ کسی صدر نے یہ ریفرنس واپس نہیں لیا، سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے ریفرنس مقرر نہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں ٹرائل کے دوران بینچ پر اعتراض کی کوئی درخواست دی گئی، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق کئی درخواستیں دی گئی تھی۔ ریفرنس میں جج کے تعصب سے متعلق آصف زرداری کیس 2001 کا حوالہ دیا گیا۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں ٹرائل کے دوران بنیچ پر اعتراض کی کوئی درخواست دی گئی، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق کئی درخواستیں دی گئی تھی۔ وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ نسیم حسن شاہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں تسلیم کیا ان پر دبا تھا، دوسرے انٹرویو میں نسیم شاہ نے کہا مارشل لا والوں کی بات ماننی پڑتی ہے، 2018 میں بھی ریفرنس پر سماعت کیلئے درخواست دائر کی، یہ انٹرویو جیو پر پروگرام جوابدہ میں افتخار احمد کو دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کی کیا افتخار احمد اب بھی جیو میں موجود ہیں، اٹارنی جنرل نے بھی نسیم حسن شاہ کے انٹر ویو کا حوالہ دیا، چیف جسٹس نے کہا کہ یہ انٹرویو کس کو دیا گیا تھا۔

احمد رضا قصوری روسٹرم پر آئے اور نسیم حسن شاہ کے ایک اخبار میں شائع انٹرویو کا حوالہ دیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا آپ جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹرویو پر انحصار کریں گے۔ وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ میں انٹرویوز کا ٹرانسکریپٹ اور وہڈیوز پیش کروں گا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نسیم حسن شاہ نے جو بیانات دئے کیا آپ ان پر انحصار کررہے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب آپ دلائل جاری رکھیں، صدراتی ریفرنس کی نمائندگی کس نے کی تھی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایڈوکیٹ بابر اعوان اس وقت صدارتی ریفرنس میں وکیل تھے، چیف جسٹس نے کہا کہ کیا بابر اعوان کمرہ عدالت میں ہیں، اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس وقت بابر اعوان عدالت میں نہیں ہیں، احمد رضا قصوری نے کہا کہ میں نے ریفرنس پر تحریری جواب جمع کرایا، میرے جواب پر بابر اعوان غصے میں آگئے اور عدالت کو.

مطمئن نہیں کرسکے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم پہلے اٹارنی جنرل کو سنیں گے، احمد رضا قصوری دوبارہ روسٹرم پر آگئے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ قصوری صاحب پہلے ہمیں اٹارنی جنرل کو سننے دیں، فاروق نائیک نے کہا کہ بابر اعوان کا لائسنس اس وقت معطل ہوگیا تھا، بابر اعوان اس وقت حکومت کی نمائندگی کررہے تھے۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ ریفرنس میں کوئی قانونی سوال نہیں اٹھایا تھا، بابر اعوان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے تھے، جسٹس میاں محمد علی مظہر نے کہا کہ کیا اس میں ضمنی ریفرنس بھی آیا تھا، احمد رضا قصوری نے کہا کہ تو یہ چیزیں تو میں نے دینی تھی، چیف جسٹس نے کہا کہ وہ دیتے اور صفائی میں آجاتے، ایس ایم ظفر اور مختلف وکلا استعمال کرچکے ہیں، علی احمد کرد صاحب کیا آپ معاونت کریں گے۔

علی احمد کرد نے کہا کہ جی میں معاونت کروگا، چیف جسٹس نے فاروق نائیک اور احمد رضا قصوری سے سوال کیا کہ عدالتی حکم میں توبہ کا تذکرہ کیا گیا، کیا کوئی بتائے گا کیوں؟ کیا وکیل فاروق نائیک اور احمد رضا قصوری بتا سکتے ہیں؟ احمد رضا قصوری نے کہا کہ عدالت کسی عالم کو بلائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے علی احمد کرد، طارق محمود، خالد انور اور مخدوم علی خان کو معاون مقرر کیا تھا، ہم. دیکھیں گے جو عدالتی معاون دستیاب نہیں ان کے متبادل کون ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں عدالتی معاونین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، وکیل مخدوم علی خان اور علی احمد کرد نے عدالتی معاونت کی ہامی بھر لی، چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کی معاونت کے لیے مشاورت کے بعد مزید نام دیں گے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اس کیس میں کئی وکلا وفات پاچکے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس میں عدالتی معاونین مقرر کریں گے جن کے ناموں کا فیصلہ بعد میں کریں گے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ میں انٹرویوز کا ٹرانسکریٹ اور ویڈیوز پیش کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں