میئر کراچی

ستائیس دسمبر پاکستان کی تاریخ کا افسوسناک ترین دن تھا، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی (گلف آن لائن) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستائیس دسمبر پاکستان کی تاریخ کا افسوسناک ترین دن تھا،

اس روز شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے کروڑوں چاہنے والوں سے چھین لیا گیااور جمہوریت کی آواز کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کردیا گیا،بی بی کی شہادت پاکستان کا ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے، عوام کی حقیقی آزادی اور ریاست کو مضبوط کرنے کی جنگ لڑنے والی باہمت خاتون کو شہید کردیا گیا،

شہید بی بی عوام کا مقدمہ لڑنے کے لئے وطن واپس آئیں، یہ بات انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایک ایک کارکن آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے عہد وفا کا عزم کرتا ہے، ہم جیالے شہید بی بی کے مشن کو ان کے لخت جگر بلاول بھٹو کی قیادت میں پورا کرنے کا عزم کرتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ ملک میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظرئیے کو اپنانا ہوگا، یہ وہ دن ہے جب پاکستان کی قائد جو پاکستان کا مقدمہ لڑرہی تھی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کررہی تھیں ان کی آواز کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کردیا گیا، اس روز ہم تجدید عہد وفا کرتے ہیں کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریئے سے ان کے فلسفے سے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور صرف عوام اور یہ وعدہ کرتے ہیں.

کہ جب تک جمہوریت اس ملک میں مضبوط نہیں ہوتی اور جب تک پاکستان کی ریاست آئین اور قانون کے مطابق نہیں چلتی، پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن اپنی جدوجہد کرتا رہے گا اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مضبوط کرے گا، انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کو جسمانی طور پر ہم سے جدا کردیا گیا مگر کروڑوں عوام کے دلوں میں وہ رہتی دنیا تک زندہ رہیں گی، جمہوریت کی مضبوطی اور ریاست کو آئین و قانون کے مکمل طابع ہونے تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں