جب ہمیں 16ماہ کی حکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ،ہم نے سیاست کی بجائے ریاست کو بچایا ‘ احسن اقبال

نارووال (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب ہمیں 16ماہ کی حکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ، ہمارے پاس دو آپشن تھے سیاست بچاتے یا ریاست، ہم نے ریاست بچائی۔

نارووال میں کارنر میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ووٹ کی پرچی کا اثر صرف آپ پر نہیں بلکہ اس ووٹ کا اثر پوری قوم پر پرتا ہے اس ووٹ کی حرمت کے لئے نواسہ رسولۖ نے اپنی گردن کٹوا دی مگر ووٹ کی حرمت پامال نہ ہونے دی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے تقریباً چار سال کی حکومت کی ساری اپوزیشن جیل میں تھی میڈیا پر پابندیاں تھیں ،اس نے اپنے دور حکومت میں سوائے لیلیٰ مجنوں کی کہانیاں سنانے کے کچھ نہ کیا۔

امریکہ سے واپسی پر جشن منایا کہ میں ایک اور ورلڈ کپ فتح کر کے آیا ہوں بعد میں معلوم ہوا کہ کشمیر کا سودا کر کے آیا،سرمایہ کار پاکستان چھوڑ گئے ،اس نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا جس کے نتیجے میں مہنگائی کا بھوت عروج پر جا پہنچا جس کا اعتراف میڈیا پر کیا۔انہوںنے کہا کہ ملک کے بحران سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اس ملک کی معیشت کا پہیہ چلائیں،ملک میں نئے کار خانے لگائیں،

تاریخ گواہ ہے جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ، معیشت کا پہیہ چلا لہٰذاآٹھ فروری کو شیر پر مہر لگا کر ایک مرتبہ پھر سے ہمیں کامیاب کریں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے کہا کہ نارووال میں آج یونیورسٹیوں کا جال بچھا ہے آج نارووال سے بچے چاہیں ڈاکٹر بنیں انجینئر بنیں سائنسدان بنیں ہر طرح کی ڈگری نارووال سے مکمل کر سکتے ہیں آج نارووال کا مستقبل روشن ہے ہم دن رات نارووال کو علم کی بستی بنانے میں مصروف ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں