مرتضیٰ سولنگی

انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ چکی ہیں، 8 فروری 2024ء کو صبح 8 بجے پولنگ اسٹیشنز کھلیں گے اور پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔

پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے زیر اہتمام اصلاحاتی منشور کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 17 اگست 2023ء کو نگران کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد سے مسلسل یہی کہہ رہے ہیں کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا کی ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ جاتی ہے، میڈیا کو اس ضمن میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کو معیشت، خارجہ پالیسی، ٹیکس اصلاحات، صحت، تعلیم اور آبادی میں اضافے جیسے مسائل اور چیلنجز درپیش ہیں، زراعت ملک کی جی ڈی پی کا ایک چوتھائی حصہ ہے لیکن اس شعبہ سے ٹیکس کی وصولی بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 140 اور 140 اے کے تحت مقامی حکومتیں مالی، سیاسی اور انتظامی طور پر خودمختار ہوں گی، 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو زیادہ اختیارات دیئے گئے لیکن یہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کا اصل کام قانون سازی اور ملک کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنا ہے، دعوئوں اور وعدوں کی تکمیل سیاسی جماعتوں کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری رویوں کی ضرورت ہے، کچھ دن پہلے ایک عدالتی فیصلے سے ایک نظیر قائم ہوئی ہے کہ جماعتوں کے اندر انتخابات اور جمہوری رویئے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جماعت کے اندر جمہوریت نہ ہو تو وہ کس طرح ملک میں جمہوریت کی دعویدار ہو سکتی ہے؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے بنیادی مسائل پر گفتگو ہونی چاہئے اور عوام کے شعور میں اضافہ ہونا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں