صدر مملکت

پاکستان اور چین کے درمیان گہرا تعلق دنیا کے لئے مثال ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرا تعلق دنیا کے لئے مثال ہے،پاکستان اور چین کی دوستی کی جڑیں عوام میں پیوست ہیں جن کی بنیاد امن اور تعاون کے ساتھ ساتھ دوطرفہ باہمی تعلقات پر محیط ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے نئے چینی سال پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تمام اہم امور پر ایک دوسرے کے مفادات کا احترام کرتے ہوئے اس کے تحفظ کیلئے کاوشیں کی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلسل بدلتی ہوئی دنیا میں پاک چین تعلقات مستحکم ہیں،امن اور تعاون کا جذبہ دوطرفہ مضبوط تعلقات کو ظاہر کرتا ہے،دونوں ممالک ایک دوسرے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی،زراعت،گاڑیوں کی تیاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جارہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ چین مصنوعی ذہانت سمیت دیگر شعبوں میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحران کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، دنیا کے مختلف علاقوں میں تنازعات موجود ہیں اور کئی مغربی ممالک ابھرتی ہوئی معیشتوں کی ترقی کو متاثر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا ورلڈ آرڈر پوری دنیا کیلئے سود مند ہونا چاہئے جہاں تمام لوگوں کو ترقی اور تجارت جاری رکھنے کی اجازت ہو، عالمی سرحدیں صرف فاتح حکمرانی کی بنیاد پر نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین امن سے محبت کرنے والے ملک ہیں ، بیلٹ اینڈ روڈ اینیشی ایٹو (بی آر آئی) عوامی ترقی کا منصوبہ ہے جس سے ایک مستحکم اور صحت مندمعیشت میسر آ سکے گی،

یہ منصوبہ دنیا کے لئے تعاون اور باہمی ترقی کا منصوبہ ہے جہاں مصنوعات اور عوام کی نقل وحرکت آسان ہوگی، اس اقدام سے عالمی تجارت اور پائیدار ترقی میں مدد ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک کی مدد سے پاکستان میں انفراسٹرکچر ، انسانی وسائل، توانائی اور صنعتی شعبہ کی بہتری میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اور گاڑیوں کی تیاری کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی زراعت کی فی یونٹ پیداوار دنیا کے کئی ممالک سے بہت زیادہ ہے، ہمارے چین کے ساتھ زرعی تعاون کے شاندار نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور سپر کمپیوٹرز سمیت دیگر شعبہ جات میں چین بہت آگے ہے ا ور پاکستان اس کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے چینی عوام اور حکومت کو نئے چینی سال پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں