چینی صدر

چینی صدر کی صدارت میں سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے اجلاس کا انعقاد

بیجنگ (نمائندہ خصوصی) سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو نے 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے دوسرے اجلاس میں ریاستی کونسل کی طرف سے پیش کی جانے والی “حکومتی ورک رپورٹ” کے مسودے پر تبادلہ خیال کے لئے ایک اجلاس منعقد کیا ۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سکریٹری شی جن پھنگ نے اجلاس کی صدارت کی۔

جمعرات کے روزاجلاس میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انتہائی پیچیدہ بین الاقوامی ماحول اور اصلاحات، ترقی و استحکام کے کٹھن کاموں کے باوجود شی جن پھنگ کی قیادت میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے پوری پارٹی اور ملک بھر کی تمام قومیتوں کے لوگوں کے درمیان اتحاد برقرار رکھتے ہوئے بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنے اور داخلی مشکلات پر قابو پانے کے لیے سخت کوششیں کیں ۔ اس کے نتیجے میں وبا کی روک تھام ،معیشت میں بہتری اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا گیا ہے،اور پورے سال کے لئے معاشی اور سماجی ترقی کے اہم اہداف اور کاموں کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ رواں سال عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہے اور یہ 14 ویں پانچ سالہ منصوبے کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے ایک اہم سال ہے۔ سینٹرل اکنامک ورک کانفرنس کی روشنی میں، ہمیں استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی حاصل کرنے کے اصول پر عمل کرنا چاہئے، نئے ترقیاتی تصور کو مکمل طور پر نافذ کرنا چاہئے، ایک نئے ترقیاتی نمونے کی تعمیر کو تیز کرنا چاہئے، اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینا چاہئے، اصلاحات اور کھلے پن کو جامع طور پر گہرا کرنا چاہئے،

اعلیٰ سطحی سائنسی اور تکنیکی خود انحصاری کو فروغ دینا چاہئے، میکرو اکنامک ریگولیشن میں اضافہ کرنا چاہئے، معاشی قوت میں اضافہ کرنا چاہئے، معاشی بحالی کے مثبت رجحان کو مستحکم اور بڑھانا چاہئے، لوگوں کے ذریعہ معاش اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانا چاہئےتاکہ چینی طرز کی جدیدکاری کے ساتھ ایک مضبوط ملک کی تعمیر کو فروغ دیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں