لاہور ہائیکورٹ

انسداد سموگ کیس،لاہور ہائیکورٹ کا لاہور اور شیخوپورہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کی تبدیلی کا حکم

لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر لاہور اور شیخوپورہ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ماحولیات کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ کیلئے شہری ہارون فاروق و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈی جی ماحولیات کو حکم دیا کہ لاہور اور شیخوپورہ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز فوری تبدیل کریں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سی بی ڈی سو ایکڑ رقبے پر کیا کرنے جارہی ہے؟ جس پر سی پی بی ڈی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب حکومت کا پراجیکٹ کرنے جارہی ہے۔

ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کی توجہ ہاوسنگ سوسائٹیز کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ہاوسنگ سوسائٹیز زرعی رقبے کو ختم کررہی ہیں، اس سے فوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ وکیل سی بی ڈی نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کے گردونواح میں غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیز کی بھرمار ہے، دو ایکڑ زمین خرید کر بجلی کا کھمبا لگا دیا جاتا ہے اور ہاسنگ سوسائٹی بن جاتی ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ شاید ہاوسنگ سوسائٹیز سے متعلق کوئی پالیسی نہیں ہے، اس پر حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ سے غور کرنا ہو گا۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے تدارک سموگ سے متعلق شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں