وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم کاقطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ، عید الاضحی کی مبارکباد

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے امیر حکومت قطر اور قطر کے برادر عوام کو تہہ دل سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عید الاضحیٰ کے تہوارجو کہ قربانی، ہمدردی اور اتحاد کی علامت ہے، کی اہمیت پر بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے بہادر اور مظلوم عوام کی حالت زار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے حوالے سے امن کی بحالی کی کوششوں کو بڑھائے اور خطے میں تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ یقینی بنائے۔وزیراعظم اور امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور محنت کے شعبوں میں پاکستان کے لئے قطر کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت قبول کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کی تاریخیں جلد طے کرلی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں