شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت چابیوں کی تقسیم کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین تھے۔
ممبر صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول ، ممبر صوبائی اسمبلی رانا طاہر اقبال، ٹکٹ ہولڈر عرفان ڈوگر ، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ ، ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس و دیگر ضلعی افسران ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت کسانوں نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی انقلابی اقدام کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی کامیاب 295 کسانوں میں گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں 22 خوش نصیب کسانوں و کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کاشتکاروں کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین اور تاریخی پیکج دینے پر انکا شکریہ ادا کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں کسان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں آج ضلع شیخوپورہ میں وزیر اعلی ٰپنجاب کے ویژن کے مطابق گرین ٹریکٹرز کسانوں کے حوالے کردیے گئے ہیں ، کاشتکار حکومت پنجاب کی سہولیات سے استفادہ کر کے زراعت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود اور انکی ترقی کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کیلئے تاریخی کسان پیکیج متعارف کروایا ہے ، گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت فی ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
٭٭٭٭٭



