محمد نواز شریف

اللہ تعالی نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا ،اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں’ نواز شریف

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا ہے ،اللہ کرے ہم ایک بار پھر ٹیک آف کرسکیں، مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ہمراہ لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب ، راشد نصر اللہ ،سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ، محمد ریاض، مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ عمران نزیر، سہیل شوکت بٹ، ملک محمد وحید، خواجہ سلمان رفیق، ملک غلام حبیب اعوان ،چوہدری محمد نواز ،ملک اسد علی کھوکھر، ملک شہباز علی کھوکھر، عمران جاوید، رانا راشد منہاس، محمد انس محمود، عرفان شفیع کھوکھر، بلال یاسین، مرغوب احمد، فیصل ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، لاہور اور پنجاب میں بہت عرصے بعد عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے ، اللہ تعالی نے برکت ڈالی ہے اور بھی ڈالے گا، اللہ تعالی نے تیزی سے گڑھے میں گرتے ملک اور قوم کو بچا لیا۔ انہوںنے کہا کہ زندگی میں بہت اتار چڑھا ئودیکھے ہیں، مسلم لیگ (ن)آتی ہے تو ملک میں ترقی آتی ہے، ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا، 1990 کا سفر جاری رہتا تو پاکستان ترقی کے سفر میں آج کہیں آگے کھڑا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکھ کا کچھ سانس آیا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنا معاشی بہتری کی علامت ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کی ایک نئی روشن مثال قائم کی ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام آئے تو عوام کی خدمت کی مثال بننا ہی پڑتا ہے، اللہ تعالی کے فضل سے نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے، اور ہم سب اِن کے سپاہی ہیں ۔

ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اور شہباز شریف کی روایات جس شاندار طریقے سے چل رہی ہیں، وہ بے مثال ہے، ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ثقافت کو ترقی ملتی ہے، آپ جب جب آتے ہیں مسلم لیگ(ن)آتی ہے، ملک کو ترقی، روشی، خوشیاں اور رنگ ملتے ہیں، نظام کی اصلاح جو وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کی اس کی اور مثال نہیں ملتی، ای ٹینڈرنگ کا شفاف نظام شروع کیا گیا، میرٹ پر یکساں اور معیاری ترقی کا۔سفر آگے بڑھ رہا ہے۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ واہگہ ٹورازم کوریڈور کی تعمیر بے مثال ہے، پنجاب کی کی خوشیاں واپس آ رہی ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر بھی وزیراعلی مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کاکہ ایک سال میں صوبہ پنجاب کا ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہوا ہے۔اراکین اسمبلی نے ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، ٹریکٹر اورجدید زرعی مشینری، سکالرشپ پروگرام کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، دھی رانی پروگرام، بنیادی و دیہی مراکز اور صحت کے پورے نظام کی اپ گریڈیشن پر وزیر اعلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کا فخر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں