سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمدکے ڈی اے گلستان جوہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا

کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز ادارہ ترقیات کراچی کے شعبہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے نے گلستان جوہر بلاک 6 اسکیم 36 میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ممبر ایڈمن شکیل صدیقی کی نگرانی میں آپریشن کا آغاز کیا گیا، آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا.

مظاہرین کے شدید پتھرائو کے باعث محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے ملازمین سمیت ایس ایچ او گلستان جوہر زخمی ہوئے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قابضین کے خلاف بھرپور طاقت سے نمٹا جائے گا، کسی صورت کے ڈی اے اراضیوں پر قبضہ مافیا کو تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گلستان جوہر کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے انہدامی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جامع منصوبہ بندی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور تعاون سے گلستان جوہر میں آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ واضح رہے کہ کمشنر کراچی کی زیر صدارت میں کمشنر ہائوس میں رواں ماہ تجاوزات کے خلاف اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس اور آباد کے ممبران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں اتفاق کیا گیا کہ 6 اور 7 مئی کو گلستان جوہر بلاک 6 و دیگر بلاکس میں انسداد و تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر عناصر ادارہ ترقیات کراچی کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، شہر بھر میں ادارہ ترقیات کراچی گزشتہ کئی برس سے تجاوزات کے خلاف کامیاب کارروائیاں کررہا ہے، شہر بھر میں مختلف کھیلوں کے میدان اور تفریحی پارکس پر عرصہ دراز سے قائم تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کرکے میدانوں اور پارکس کو آباد کیا گیا جبکہ ہزاروں ایکڑ پر مشتمل کے ڈی اے اراضیاں مختلف مقامات سے واہگزار کرکے نگرانی کا عمل نافذ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں