کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ا مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،
امن دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کے سرپرست دہشت گرد گروہ اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتا،بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کی ہر ممکن معاونت جاری رہے گی۔



