مصطفیٰ کمال

پارلیمنٹ کی سیاست کرلی، اب سڑکوں پر بات کریں گے،مصطفی کمال

کراچی (نمائندہ خصوصی)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم نے پارلیمنٹ کی سیاست کرلی، ترمیم بھی پیش کردی، اب ہم سڑکوں پر آکربات کریں گے، سارے آئینی طریقہ کار اپنائیں گے اور اس ملک میں اختیارات کو نچلی سطح بے جانے کیلئے جدوجہد کریں گے۔

پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی حکومت کراچی کو پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرنے نہیں دے رہی، لاہور آج کراچی سے 50 سال آگے چلا گیا ہے، لاہور بھی تو پاکستان کا حصہ ہے، ہمیں خوشی ہے کہ لاہور آگے چلا گیا تاہم سندھ میں لاقانونیت عروج پر ہے، دنیا چاند پر جا رہی ہے اور ہمارے بچے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں میں ائیر ایمبولینس بن رہی ہیں جبکہ ہمارے ہاں سائیکل پر ایمبولنس متعارف کرائی جا رہی ہے، سندھ میں سب سے زیادہ کتے کے کاٹے سے بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں، اگر کسی چیز کو ٹھیک ہونا ہوتا تو 18 سالوں میں ٹھیک ہو چکی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایوانوں میں بات کی نہیں مان رہے، ہم نے آئینی ترمیم دی نہیں مانی گئی، ایم کیو ایم پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ہم خاموش نہیں رہیں گے، اب آئین اور قانون میں رہتے ہوئے سڑکوں پر آئیں گے۔مصطفی کمال نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم اپنی اصل حالت میں لاگو ہی نہیں ہوئی، انتظامی طور پر نئے صوبے بنانا اب ناگزیر ہوچکا، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے آئینی قانونی طریقہ کار اپنائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ سندھ میں ہمارے بچوں کیلئے اسکول نہیں بنائے جاتے، دو کروڑ 60 لاکھ بچے سندھ میں اسکولوں سے باہر ہیں، بچیوں کے اسکول میں واش روم تک نہیں۔وفاقی وزیر صحت نے کہاکہ کراچی پاکستان کی آمدنی کا 50 فیصد سے زائد اور سندھ کی آمدنی کا 95 فیصد سے زائد کماتا ہے، 2010 تک وفاق ہمیں ڈائریکٹ پیسے دیتا تھا، سندھ حکومت وفاق سے پیسے لے رہی ہے لیکن آگے نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو وہی پرانا شیئر مل رہا ہوتا تو اب تک دو ہزار ارب روپے مل چکے ہوتے، پیسے کما کر دینے والے شہر کو کل رقم میں سے صرف 3 فیصد 18 سالوں میں ملا، 22 ہزار ارب میں سے کراچی کو 18 سالوں میں صرف 680 ارب روپے ملے، دلائل کے ساتھ مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں