کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ بارش متاثرین کو فوری امداد، ریسکیو، رہائش اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جانا چاہیے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات اور تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بروقت امدادی اقدامات ناگزیر ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کریں اور متاثرین کو خوراک، رہائش، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن معاونت کریں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی مشکلات کم کرنا اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔



