راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کی فریٹ سہولیات میں بہتری سے پولٹری سیکٹر کو ضروری خام مال کی ترسیل میں سہولت ملے گی، پاکستان ریلوے نے مالی سال 2025-26کے دوران 115 ارب روپے کی آمدن حاصل کی جو ادارے کی تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدن ہے۔وہ ہفتہ کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایس بی ایگز کے اشتراک سے چیمبر ہاس راولپنڈی میں ورلڈ ایگ ڈے 2026 کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر آر سی سی آئی کے صدر نوشیروان خلیل خان اور سرپرستِ اعلی سہیل الطاف نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔تقریب کا مقصد غذائیت سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور صحت مند غذا میں انڈوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملک بھر میں پولٹری فیڈ کی ترسیل کے لیے پاکستان ریلوے کی کارگو اور فریٹ سروسز فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی فریٹ سہولیات میں بہتری سے پولٹری سیکٹر کو ضروری خام مال کی ترسیل میں سہولت ملے گی جس سے اس صنعت کی لاجسٹکس اور کاروباری سرگرمیوں کو تقویت حاصل ہو سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے مالی سال 2025-26 کے دوران 115 ارب روپے کی آمدن حاصل کی جو ادارے کی تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدن ہے۔ انہوں نے آئندہ مالی سال کے لیے 160 ارب روپے کی آمدن کا ہدف مقرر کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے کے فریٹ کاروبار میں اضافے کے لیے ایک مخصوص فریٹ کوریڈور پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ جنوری 2027 تک مال بردار ٹرینوں کی تعداد 9 سے بڑھا کر 14 کرنے کا منصوبہ ہے، اس اقدام سے مال برداری کی استعداد میں اضافہ اور کاروباری شعبے کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں آر سی سی آئی کے صدر نوشیروان خلیل خان نے غذائی تحفظ، بہتر صحت اور سستی پروٹین کی فراہمی میں پولٹری سیکٹر کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈے اور پولٹری مصنوعات متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں، خصوصا بچوں کی صحت مند نشوونما اور جسمانی و ذہنی ترقی کے لیے ان کی اہمیت مسلمہ ہے۔
صدر آر سی سی آئی نے غذائیت سے متعلق آگاہی کے فروغ اور طلبہ کو تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے ایس بی ایگز کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پولٹری انڈسٹری کی ترقی اور استحکام کے لیے کاروباری برادری اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے دوران اسکول کے طلبہ کے لیے کوکنگ مقابلے کے علاوہ پینٹنگ اور پوسٹر سازی کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا جبکہ انہیں انڈوں کی غذائی اہمیت اور صحت مند خوراک کے انتخاب سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔



