کراچی(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی دوبارہ سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ادارہ نورِ حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انہوں نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے، جبکہ اس حوالے سے حکومتی مؤقف ہے کہ ایک دو روز میں اعداد و شمار فراہم کردیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ لیوی ختم کرنے سے بڑی گاڑیوں کے مالکان کو بھی سستا پیٹرول ملے گا، جس پر ہم نے تجویز دی کہ بڑی گاڑیوں پر 100 کے بجائے 200 روپے لیوی عائد کردی جائے، کیونکہ مہنگی گاڑیاں رکھنے والے اضافی لیوی ادا کرسکتے ہیں، تاہم غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف ملنا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے، جنہوں نے مزید ریلیف دینے کے لیے وقت مانگا ہے، تاہم ہمارا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔انہوں نے امریکی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں ہونے والے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی گروپ کو شکست ہوئی ہے۔
تین سال قبل طوفانِ اقصیٰ کے بعد فلسطینیوں نے جس طرح مزاحمت کی، اسرائیل نے اس کے ردعمل میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا اور پورے غزہ کو تباہ کردیا۔ فلسطینیوں نے دنیا کو بتایا کہ مزاحمت کیا ہوتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں مرکز اور صوبوں کی حکومتیں فارم 47 کی پیداوار ہیں، کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ کرپشن نے پورے سندھ کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ایک نئے عالمی نظام کی ضرورت ہے، جس میں مسلمانوں اور مزاحمت کاروں کو یکجا ہونا ہوگا۔ اپنے دورہ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات کے بجائے اسلام کی بات کی جاتی ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اسلام محض ایک مذہب نہیں بلکہ ایک نظام کا نام ہے۔



