اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان علما کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور وزارتِ خارجہ کو فوری انسانی امداد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایات پاکستانی عوام، عالمِ اسلام اور پوری انسانیت کے جذبات کی ترجمانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں بارشوں سے ڈوبتے خیمے، شدید سردی، بھوک اور بے بسی کا شکار معصوم بچے پوری انسانیت کے لیے لمح فکریہ ہیں۔ اس وقت سب سے بڑی ضرورت محفوظ خیموں کی فوری فراہمی اور متاثرہ خاندانوں کو سردی اور بارش سے بچانا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستانی عوام، عالمِ اسلام، مخیر حضرات، کاروباری برادری اور دنیا بھر کے انسانیت دوست افراد سے اپیل کی کہ فوری طور پر محفوظ خیموں، کمبلوں، گرم کپڑوں، خوراک اور ادویات کے لیے مالی وسائل فراہم کریں اور مستند امدادی اداروں کے ذریعے ان کی فوری ترسیل یقینی بنائیں۔
انہوں نے اسلامی ممالک، اقوام متحدہ اور عالمی امدادی اداروں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے لیے ہنگامی امدادی انتظامات کریں، امدادی راستے کھلوائیں اور متاثرہ خاندانوں تک بلا رکاوٹ امداد پہنچائیں۔غزہ کے مظلوم بچوں کو سردی، بھوک اور بے گھری سے بچانا پوری امتِ مسلمہ اور انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اب فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔



