محمد جاوید قصوری

لاہو ر دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ،شہری سموگ سے شدید متاثر ہورہے ہیں،جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ اب محض موسمی تکلیف نہیں بلکہ عوامی صحت کا سنگین بحران بن چکی ہے، حکومتی اقدامات کی ناکامی کا خمیازہ عام شہری اپنی صحت، روزگار اور زندگی کے سکون کی صورت میں بھگت رہے ہیں، ایک طرف مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور ظالمانہ ٹیکسوں نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے تو دوسری جانب سموگ اور فضائی آلودگی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور ایک مرتبہ پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے۔ اخباری رپورٹس کے مطابق شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 338 تک پہنچ چکا ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ سموگ کے باعث سب سے زیادہ بچے، بزرگ، دمہ اور دل کے مریض اور حاملہ خواتین متاثر ہو رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں سانس کی تکالیف، آنکھوں میں جلن، گلے کی خرابی، نزلہ اور کھانسی کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ہوا میں موجود زہریلے باریک ذرات پھیپھڑوں کے علاوہ دل اور خون کی شریانوں کو بھی متاثر کرتے ہیں، جس کے اثرات طویل مدت تک انسانی صحت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال سموگ کے موسم میں وقتی پابندیوں، جرمانوں اور اعلانات کے ذریعے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا تاثر دیتی ہے، مگر مستقل اور مؤثر منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ مہنگائی نے پہلے ہی غریب خاندانوں سے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔

بے روزگاری کے باعث نوجوان مایوسی کا شکار ہیں، ظالمانہ ٹیکسوں اور بڑھتے ہوئے یوٹیلیٹی بلوں نے کاروباری سرگرمیوں اور عام آدمی کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایسے حالات میں سموگ کے باعث مزدوروں کی روزانہ اجرت، چھوٹے کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونا غریب طبقے کے لیے ایک اور بڑا معاشی دھچکا ہے۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے سال بھر جاری رہنے والا جامع منصوبہ بنایا جائے، آلودگی پھیلانے والے اداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے،

ہسپتالوں میں سانس کے مریضوں کے لیے خصوصی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جائیں، متاثرہ مزدور طبقے کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے اور فضائی معیار کے مستند اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ہوا، روزگار، معاشی تحفظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، محض اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں