لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں وکلاء سے ہونے والی ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ 28ویں ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے ہو سکتا ہے،چھوٹے صوبوں کی تشکیل کیلئے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے ،پاکستان کو اگر واقعتا آگے بڑھانا مقصود ہے تو سیاسی قوتوں ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دبائو آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے ، ایک نیا میثاقِ پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے ۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ جیل میں عمران خان کی انکی مقید اہلیہ اور انکے وکلاء کی ملاقاتیں اچھی بات ہیں ، نہ صرف انکی قید ِ تنہاء ختم ہونی چاہیے بلکہ اگر وہ چاہئیں تو سٹیک ہولڈرز کو ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھ کر انکی جماعت کے لئے بھی پر امن سیاست کا ماحول پیدا کرنا چاہیے ۔ ہمارے پاس کوئی خبر تو نہیں ہے لیکن میرے اندازے کے مطابق ان ملاقاتوں کا تعلق مجوزہ اٹھائیسویں ترمیم ،چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے ساتھ جڑا ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ سندھ کی تقسیم پر پیپلز پارٹی کے نہ ماننے کے بعد اب پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے حصول کے لئے یہ تجویز عمران خان کے سامنے رکھی جا رہی ہو کہ اگر وہ تعاون کریں تو انکی حمایت کے بدلے مقتدرہ پی ٹی آئی کیلئے آسانیاں مہیا کر سکتی ہے ۔ یہ بھی ممکن ہے کہ دہشت گردی کے معاملہ پر وفاق سے تعاون کرنے اور آئندہ اسلام آباد پر دھاوے نہ بولنے کی گارنٹی کے بدلے گورنر راج کے خاتمے کی تجویز بھی سامنے رکھی گئی ہو ۔دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے وفاق اور خیبر پختونخواہ حکومت کا اکٹھے ہونا نہایت ضروری امر ہے ، اسکے لئے بھرپور کوشش کی جانی چاہیے ۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل خاصاً حساس معاملہ ہے ، ملک کے مختلف حصوں میں اسکا مطالبہ ایک عرصہ سے موجود ہے اور حقیقتاً اسکی ضرورت بھی محسوس کی جاتی ہے ۔لیکن پیپلز پارٹی خصوصاً اہل سندھ کو الگ تھلگ کر کے یا جیل میں مقید سیاسی قیادت کو تعاون کے بدلے رعائیتیں دینے کی ڈیل کے ذریعے چھوٹے صوبوں کی تشکیل بہرحال پیچیدگیاں مزید بڑھا سکتی ہے اور اس کار ِ خیر کی روح کو نقصان پہنچا سکتی ہے ۔ زیادہ مناسب ہو گا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کیلئے تمام نمائندہ سیاسی جماعتوں کو بلا تفریق و پارلیمانی حجم آزادانہ ماحول میں مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی سہولت دی جائے ۔سازگار ماحول پیدا نہ گیا تو مستقبل میں آنے والی کوئی پارلیمنٹ موجودہ ترامیم کا خاتمہ کر سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اگر واقعتا آگے بڑھانا مقصود ہے تو سیاسی قوتوں ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بغیر کسی دبائو آزادانہ ماحول میں مستقبل کے پاکستان کے خدوخال تشکیل دینا ہوں گے ۔ پراگریسو ،مستحکم ،جمہوری ،خوشحال ، ناقابل تسخیر اور متحد پاکستان کی تشکیل کرنا ہے تو سب کو اپنی آئینی حدود میں رہنا اور ایک دوسرے کے حقوق کو تسلیم کرنا ہو گا ۔ بہر حال ایک نیا میثاقِ پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے ۔



