راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مختلف طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے قریبی روابط، باہمی اعتماد اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور ایران نے علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



