کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو حکومتی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔اپنے بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گندم درآمد کرنے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول رہا ہے۔
کراچی میں عام آٹا 180 روپے، فائن آٹا 200 روپے جبکہ چکی کا آٹا 215 روپے فی کلو تک فروخت ہونا تشویشناک ہے اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم کی طلب اور رسد کے درمیان 30 سے 40 لاکھ ٹن کا ممکنہ فرق حکومتی نااہلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ حکومت کو مئی سے گندم کی ممکنہ قلت کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا تھا، لیکن بروقت اقدامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث آج عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، گندم کے ذخائر کی جانچ پڑتال کی جائے اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کا احتساب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سرکاری نرخوں پر معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائے۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کی روٹی اور بنیادی ضروریات شامل نہیں، مہنگائی کے ستائے شہریوں کو مزید مشکلات میں دھکیلنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔



