کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ بچوں کو تعلیم، صحت اور بہتر تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ اطفال کا تھیم ”میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل’ ہے، جو بچوں کے حقوق، تحفظ، ان کی آواز اور روشن مستقبل کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور ان کے بنیادی حقوق کا احترام کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے ذریعے بچوں کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے، جبکہ بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے حکومت سندھ اور یونیسف مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں مفت اور لازمی تعلیم کے قانون پر عملدرآمد جاری ہے، حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
اسی طرح پولیو مہمات کے دوران ہر بچے کی ویکسینیشن یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور انہیں خودمختار بنانے کے لیے بھی حکومت سندھ بھرپور کوششیں کررہی ہے تاکہ معاشرے کے تمام بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کا احترام کریں، ان کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انہیں ایسا محفوظ ماحول فراہم کریں جہاں وہ تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو روشن بنا سکیں۔



