علی خورشیدی

نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ غیر آئینی نہیں، دھمکیاں دینے کے بجائے دلیل سے جواب دیا جائے، علی خورشیدی

کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما علی خورشیدی نے کہا ہے کہ صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بات کرنا کوئی غیر آئینی عمل نہیں، بلاول بھٹو زرداری کے بیان اور رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے مفادات کے مطابق آئین اور جمہوریت کی تشریح کرتی ہے اور اسے فائدہ پہنچانے والے اقدامات کو آئینی و جمہوری قرار دے دیا جاتا ہے۔

سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ جب عوام کو بااختیار بنانے کی بات ہوتی ہے تو سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاسی دکانیں بند ہونے کا خوف لاحق ہو جاتا ہے۔ بڑی سیاسی جماعتیں عام پاکستانیوں کے حقوق کی بات کیوں نہیں کرتیں؟ نئے انتظامی نظام کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ بھر کے میئرز اور چیئرمینز کو بلا کر پریس کانفرنس کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا پارٹی کے وزرا اور ترجمان کم پڑ گئے تھے جو بلدیاتی نمائندوں کو بلانا پڑا؟ پیپلز پارٹی کے وزرائ اور ترجمان پہلے ہی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، جبکہ حکومت نے پورے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ویک اینڈ منانے کے لیے کراچی آنے کی سہولت فراہم کی گئی، انہیں بتانا چاہیے کہ اپنے دور میں باتوں کے علاوہ کیا کام کیا ہے۔علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ دریاؤں کے پانی کو آلودہ کرنے والے آج عوامی حقوق کی بات کر رہے ہیں۔ نئے انتظامی یونٹس کے مطالبے کو غداری سے کیسے تشبیہ دی جا سکتی ہے؟ اس مطالبے پر خونریزی کی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہے۔ پنجاب میں نئے صوبوں کی بات ہوتی ہے تو وہاں ایسی دھمکیاں نہیں دی جاتیں۔ لاہور اور فیصل آباد میں نئے صوبوں کے مطالبے پر کسی نے خونریزی کی بات نہیں کی۔ ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کے دھمکی آمیز رویے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے میئرز اور چیئرمینز سے اپنے مینڈیٹ کی حقیقت بتانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی مینڈیٹ پر آنے والے بلدیاتی نمائندے کس حیثیت سے بات کر رہے ہیں؟ کراچی کے میئر کا انتخاب کس طرح ہوا، یہ سب جانتے ہیں۔ میئر کراچی کے انتخاب میں 30 سے 35 افراد اچانک ووٹ ڈالنے کہاں سے آ گئے تھے؟ کراچی سے اوباڑو تک عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ پیپلز پارٹی اپنی ناکامیوں پر بہانے بنانے کے بجائے جواب دے کہ 18 سال سے سندھ میں اقتدار کے دوران عوام کو کیا دیا ہے۔علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عدم تشدد کی پالیسی کے تحت اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہماری بات بری لگتی ہے تو دھمکیاں دینے کے بجائے دلیل سے جواب دیا جائے۔ حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور میرپورخاص کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

حیدرآباد کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، جبکہ دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر کے لوگ بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ بنیادی مسائل کے باعث ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا، اب بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کو ہے لیکن ان کے پاس دکھانے کے لیے کوئی کارکردگی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ اب صرف ایم کیو ایم کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا بیانیہ بن چکا ہے۔ نئے صوبوں کے مطالبے پر دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے کے بجائے دلائل سے بات کی جائے۔ پنجاب اسمبلی نے 2012 میں نئے صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی، جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی 2014 میں اس حوالے سے قرارداد منظور کی تھی۔

دونوں صوبائی اسمبلیوں میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور ہو چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیں معاشی اور معاشرتی طور پر تباہ کر دیا ہے، پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور اب دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ ہماری بات کسی کی ذات کے خلاف نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک سیاسی جماعت کی خواہش تھی کہ شہر میں دو لسانی اکائیاں آپس میں لڑیں، تاہم شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی یہ خواہش پوری نہیں ہونے دیں گے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک محب وطن سیاسی جماعت ہے اور سندھ کے شہری علاقوں میں اس کا ووٹ بینک، مینڈیٹ اور سیاسی حصہ داری موجود ہے۔ ہم شہری علاقوں میں بدامنی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ امید ہے کہ تمام فریقین ہوش مندی سے کام لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے واضح کر رہے ہیں کہ شہر میں کشیدگی پیدا نہیں ہونے دیں گے، گزشتہ روز پارٹی چیئرمین نے بھی یہی مؤقف اختیار کیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور تاریخ کے اعلان کا اختیار پارٹی قیادت کے پاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں