حیدرآباد(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک رہے گا، صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
آئین پاکستان میں نئے صوبے کے قیام کا طریقہ کار واضح ہے، جس کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد میں لائبریری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ آئین کی متعلقہ شق میں ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ اگر ریفرنڈم کی بات کو عملی شکل دی گئی تو ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وڑن ترقی اور خوشحالی ہے اور اسی وڑن کے تحت سندھ بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ حیدرآباد کے لیے اربوں روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا گیا ہے تاکہ شہر میں بنیادی سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے۔ سرمست ہاؤسنگ اسکیم کے رکے ہوئے کام بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ گرلز میڈیکل یونیورسٹی پر بھی کام جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ قاسم آباد میں تجاوزات ختم کرکے لائبریری کے قیام کا کام شروع کیا گیا ہے۔ ماضی میں اس لائبریری کے باہر نوجوانوں کی بڑی تعداد قطاروں میں کھڑی ہوتی تھی، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں بہتر تعلیمی اور مطالعاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع دینے کے لیے مختلف ادارے قائم کیے جا رہے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے، تاہم ان کے بقول اگر ایسا ہوتا تو عوام ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے؟ تمام تر مشکلات اور سیاسی محاذ آرائی کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کا اعتماد حاصل کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل انعام میمن کو جیل میں ہونے کے باوجود عوام نے ووٹ دیے، جبکہ پارٹی کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوششوں اور سیاسی تبصروں کو حقیقت کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری واضح کر چکے ہیں کہ ہم وزیراعظم کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم وزیراعظم کی جانب سے اب تک صوبوں کے حوالے سے بات نہیں کی گئی۔ وفاقی وزرا ، کاروباری شخصیات اور بعض دانشوروں کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق فارمولا پیش کیا گیا ہے، جو ایک غیر ضروری بحث کو جنم دے رہا ہے۔ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو آئین میں اس کا طریقہ واضح ہے اور اس کے لیے اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی مختلف ادوار میں متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کر چکی ہے اور سندھ کے عوام بھی اس معاملے پر اپنا واضح مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں اور سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



