اعظم نذیر تارڑ

آزادیِ اظہارِ رائے اور شہریوں کی عزت و وقار کے تحفظ کے درمیان توازن ناگزیر ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں معلومات تک رسائی اور آزادیِ اظہارِ رائے کے بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ شہریوں کی نجی زندگی، عزت، وقار اور ساکھ کے تحفظ کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔منگل کو یہاں پائیدار ترقی کے پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام ”سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور پوسٹ ٹروتھ کا دور” کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث سیکنڈوں میں جھوٹی یا گمراہ کن خبر پھیل جاتی ہے، جو ایک بار نشر ہو جائے تو چلی ہوئی گولی کی مانند ہوتی ہے جس کے نقصانات کا ازالہ مشکل ہو جاتا ہے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آئینِ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 4، آرٹیکل 9 اور آرٹیکل 14 پاکستان میں مقیم ہر فرد کی جان، آزادی، عزت، ساکھ اور وقار کے ناقابلِ تنسیخ تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں، جبکہ آرٹیکل 19 اور 19ـاے کے تحت آزادیِ اظہار اور معلومات تک رسائی کا حق قانون اور مناسب پابندیوں کے تابع ہے تاکہ کسی کی ذاتی زندگی، قومی سلامتی یا عدلیہ کے وقار کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے عالمی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین، برطانیہ اور خطے کے دیگر ممالک نے بھی سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی خبروں اور نقصان دہ مواد سے اپنے شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو بچانے کے لیے سخت قوانین متعارف کرائے ہیں۔ پاکستان نے بھی 18 ماہ کی طویل مشاورت، صحافیوں، ماہرین اور عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (میٹا اور ایشیا نیٹ ورک) کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کے بعد یورپی و عالمی معیارات اور اپنے مخصوص سکیورٹی و سماجی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریگولیٹری فریم ورک میں اصلاحات کیں، سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا اور پیکا قانون میں ضروری ترامیم کیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی قوانین بھی ملکی قوانین کے احترام کا تقاضا کرتے ہیں، اس لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنی ذمہ داری سے مبرا نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ بادی النظر میں جھوٹے، ہتک آمیز اور نقصان دہ مواد کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سازی ایک محتاط اور مشاورتی عمل ہے جبکہ ڈیجیٹل رجحانات برق رفتاری سے بدلتے ہیں، تاہم حکومت پرعزم ہے کہ ایسے مؤثر قوانین اور پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن کے تحت پاکستان میں ہر بچہ، خاتون اور شہری خود کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ تصور کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں