لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔عمران خان کی تین بہنوں علیمہ خان، عظمی خان اور نورین نیازی کو ستمبر میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھی، تاہم نورین نیازی اور عظمی خان کو 12نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا تھا جبکہ علیمہ خان اب تک جیل میں ہیں۔
علیمہ خان کو 20ستمبر جبکہ عظمی خان اور نورین نیازی کو 21ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او)آرڈیننس 1960ء کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، ابتدائی طور پر ان کی نظر بندی 30دن کے لیے تھی، تاہم 7اکتوبر کو اس میں مزید 30دن کی توسیع کی گئی۔جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ دونوں بہنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔دورانِ سماعت جسٹس عبہر گل خان نے ڈی سی لاہور سے استفسار کیا کہ کیا دونوں بہنیں رہا ہو کر گھر چلی گئی ہیں؟ ۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے جواب دیا کہ دونوں کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا چکی ہیں۔
بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ڈی سی لاہور کمرہ عدالت سے روانہ ہو گئے، اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر لاہور سے کچھ گزارشات کرنی ہیں، تاہم وہ کمرہ عدالت سے جا چکے ہیں۔اس پر جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیئے کہ ڈی سی لاہور شاید آپ سے خوفزدہ ہیں، اس لیے چلے گئے ہیں، عدالت نے ڈپٹی کمشنر کے بیان کی روشنی میں دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔واضح رہے کہ نورین نیازی اور عظمی خان کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ دونوں خواتین کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے، عدالت نظر بندی کے احکامات کا جائزہ لے کر دونوں کی رہائی کے احکامات جاری کرے۔



