کراچی(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کم عمری اور جبری شادی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کم عمری اور جبری شادی بچوں کے بنیادی حقوق، تعلیم اور محفوظ مستقبل سے محروم کردیتی ہے، جبکہ کم عمری کی شادی بالخصوص بچیوں کی صحت، تعلیم اور خودمختاری پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 نومبر کا عالمی دن اس سنگین سماجی مسئلے کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔
والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کم عمری اور جبری شادی کے نقصانات سے متعلق شعور بیدار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے 2013 میں خصوصی قانون متعارف کرایا، جس کے تحت سندھ میں لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ بچوں کے تحفظ، آگاہی اور حقوق کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ تعلیم، سماجی شعور اور قانون پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے کم عمری کی شادی کی روک تھام ممکن ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی کم عمری میں شادی کرنے کے بجائے انہیں تعلیم حاصل کرنے اور بہتر مستقبل بنانے کے مواقع فراہم کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیے بچوں کا بچپن محفوظ بنائیں اور کم عمری و جبری شادی کے خاتمے کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔



