پیوٹن

روس کی جوہری آبدوز پرم بحرالکاہل کے بحری بیڑے میں شامل ہو گی، پیوٹن کا اعلان

ماسکو(نمائندہ خصوصی)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ روس کی نئی جوہری آبدوز پرم کو بحرالکاہل کے بحری بیڑے میں شامل کیا جائے گا جس سے مشرقی سمندری خطے میں بحری دفاعی صلاحیت کو مزید تقویت ملے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمال مغربی روس کے شہر سیوروڈونسک میں واقع سیومش شپ یارڈ میں آبدوز پر روسی بحریہ کا پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ روس اپنی بحریہ بالخصوص جوہری اور میزائل بردار آبدوزوں کے بیڑے کو وسعت دینے اور جدید بنانے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا تاکہ ملکی سکیورٹی ضروریات کو مثر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق سیومش شپ یارڈ میں مختلف اقسام کی جدید جوہری آبدوزوں کی تعمیر جاری ہے اور 2030 تک 5 میزائل بردار آبدوزیں روسی بحریہ کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جن میں یاسین ایم کلاس کی 3 آبدوزیں بھی شامل ہیں۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق نئی جوہری آبدوز کی شمولیت سے بحرالکاہل کے علاقے میں روس کے اسٹریٹجک بحری آپریشنز کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں