بیجنگ (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان خلائی تحقیق کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ ملک اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ زراعت، آبی وسائل کے انتظام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کو لے جانے والے شین ژوـ24 خلائی مشن کو پاک چین سائنسی تعاون کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے پاکستانی خلاباز کو چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر چینی قیادت، حکومت اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کامیابی کو بنیاد بنا کر خلائی سائنس اور تحقیق کے میدان میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ خلائی مشن محض ایک کامیابی نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق کے نئے دور کا آغاز ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 2017ء اور 2018ء میں ہی پاکستانی خلاباز کو خلا میں بھیجنے کے امکان پر بات چیت شروع ہو گئی تھی۔ ان کے مطابق سی پیک کے تحت دونوں ممالک کا ابتدائی تعاون توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے تک محدود تھا، تاہم وقت کے ساتھ اس میں فائبر آپٹک رابطوں سمیت دیگر شعبوں کو بھی شامل کیا گیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی میں چین کا وسیع تجربہ پاکستان کو قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد دے سکتا ہے۔
سیٹلائٹس کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، پیشگی انتباہی نظام کی بہتری اور ہنگامی حالات میں بروقت اقدامات ممکن بنائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے غذائی تحفظ کو بھی پاک چین تعاون کا اہم شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسی فصلوں کی اقسام تیار کرنے کی ضرورت ہے جو شدید موسمی حالات کا مقابلہ کر سکیں۔ اس کے علاوہ جدید آبپاشی نظام اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔احسن اقبال کے مطابق پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی جانب سے خلائی مشن کے دوران بیجوں اور جدید مٹیریلز سے متعلق کیے جانے والے تجربات پاکستان کے سائنس دانوں اور محققین کے لیے اہم تحقیقی معلومات فراہم کریں گے، جن سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیجوں اور اسمارٹ زراعت کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید مٹیریلز کے شعبے میں تحقیق پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ سیٹلائٹ نگرانی اور نیویگیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی پیداوار کی منصوبہ بندی، پانی کے بہتر استعمال، شہری ترقی، لاجسٹکس اور مواصلاتی رابطوں کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے مستقبل میں قمری مشن میں بھی حصہ لینے کا خواہاں ہے۔ چاند پر تحقیقی روبوٹ (روور) بھیجنے سے پاکستانی سائنس دانوں کو سطحِ قمر کا مطالعہ کرنے اور خلائی تحقیق کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جو 2035ء تک چاند پر اترنے کے پاکستان کے طویل المدتی ہدف کی جانب اہم پیش رفت ہو گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک پاکستانی محققین کو چین کی ممتاز جامعات میں تربیت فراہم کرنے کے لیے ایک علمی راہداری کے قیام پر بھی کام کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ دس برسوں میں مصنوعی ذہانت، خلائی علوم، مٹیریلز سائنس، بائیوٹیکنالوجی، بگ ڈیٹا، آٹومیشن اور روبوٹکس سمیت جدید شعبوں میں 10 ہزار پاکستانی پی ایچ ڈی اسکالرز کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس تعلیمی تعاون کے ذریعے پاکستان کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق سائنس دان، محققین اور ٹیکنالوجی کے ماہرین تیار کرنے میں مدد ملے گی، جس سے ملک جدید سائنسی اور صنعتی شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بڑھا سکے گا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق انہوں نے پاک چین دوستی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہم کہتے تھے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، لیکن اب ہم کہیں گے کہ یہ دوستی آسمانوں سے بھی بلند ہے۔



