ہمایوں اختر خان

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کیلئے عوام کا جوش و خروش دیکھ کر سیاسی مخالفین کی نبض ڈوب رہی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کنٹونمنٹ بورڈ ز کے بلدیاتی انتخابات کیلئے دن رات حلقوں میں ہیں جبکہ عوام کا جوش و خروش دیکھ کر ہمارے سیاسی مخالفین کی نبض ڈوب رہی ہے ،سیاسی مخالفین میں اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ عوام کا سامنا کریں اوران کا سارا زور صرف پریس کانفرنسیں کر کے دھاندلی کا واویلا کرنے پرمرکوز ہے جسے عوام نے مسترد کر دیاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 131کے وارڈزنمبر6،7،9اور10میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اکابرین نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اور امیدواروںکی حمایت کا اعلان بھی کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو مختلف چیلنجز اور مسائل کی دلدل سے نکالاہے اور عوام جانتے ہیں ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے کون لوگ ہیں ۔ (ن) لیگ کی قیادت اقتدار سے باہر ہو تو بیرون ملک چلی جاتی ہے اور وہاںبیٹھ کر کہتے ہیں ہمیں دوبارہ اقتدار دو او رکئی دہائیوں سے ان کا یہی وطیرہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ تحریک انصاف نے جو امیدوار میدان میں اتارے ہیں وہ آپ لوگوں میں سے ہیں اورمقامی مسائل کو سمجھتے ہیں اور ان میں کام کرنے کا جذبہ ہے ۔ انشا اللہ 12ستمبر کو تحریک انصاف کی فتح کا سورج طلوع ہوگااورسیاسی مخالفین منہ چھپاتے پھریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں