علی امین گنڈاپور

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ڈوزیئر جاری کر کے بھارتی جنگی جرائم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے ، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہاہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق ڈوزیئر جاری کر کے بھارتی جنگی جرائم کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے ،عالمی دنیا کو بھارتی جنگی جرائم کی ان تفصیلات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت کو ہر فورم پر بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ انہوںنے کہاکہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے جنازے اور زبردستی تدفین سے متعلق بھارتی کردار پوری دنیا کے سامنے ہے ، بھارت علی گیلانی کی وفات کے بعد ان کے خاندان کو مسلسل ہراساں کر رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے ، پچھلی سات دہائیوں کے حالات و واقعات سے بھارت کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت ظلم و تشدد سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو نہیں دبا سکتا، مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارتی ہٹ دھرمی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خطے کے حالات نے ثابت کیا کہ جنگ کسی مسلے کا حل نہیں ، بھارت کو بالآخر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہو گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں