حمزہ شہباز

آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ بے حسی اور بے رحمی ہے’ حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ حکومتی بے حسی اور بے رحمی کا مظہر ہے،حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد بجلی بھی گرا دی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجائے ہوشربا مہنگائی کا سامنا کرتے عوام کو ریلیف دینے کے یہ حکومت ان کی جیب پر مزید ڈاکے مار رہی ہے،یہ حکومت پاکستان کو جس معاشی دلدل میں دھکیل چکی ہے اس سے نکالنا دہائیوں کا کام ہو گا ،آخر پاکستان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کرنے کے بجائے یہ حکومت آمرانہ طرز حکومت اپنائے ہوئے ہے،خزانہ بھرا ہوا دکھانے کے لئے یہ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد ھ رہی ہے،اپنے تین سالہ دور میں یہ حکومت 59 کے قریب صدارتی آرڈیننس نافذ کر چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں