وزیرصحت پنجاب

صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے بستروں سمیت طبی سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے’وزیرصحت پنجاب

لاہور( گلف آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمد جاویدقاضی،سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرسلمان شاہد،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل،سی ای اوپنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز،کنسلٹنٹ پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان،ایم ایس مئیوہسپتال ڈاکٹرافتخار،ایم ایس سروسزہسپتال ڈاکٹراحتشام الحق،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹریحییٰ سلطان ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرسلمان شاہدنے وزیرصحت کو پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے داخلوں اور علاج معالجہ کے اعدادوشمارکی تفصیلات پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیاجارہاہے۔پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن صوبہ بھرکی لیبزمیں ڈینگی بخارکے ٹیسٹوں کے مقررنرخوں کویقینی بنارہاہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے ادویات وافرمقدارمیں دستیاب ہیں۔پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے بستروں سمیت طبی سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے۔

صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ حکومت ڈینگی کے خلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیت سکتی۔ایکسپوسنٹرلاہورمیں بھی ڈینگی کے مریضوں کیلئے بسترمختص کرنے بارے اقدامات کاجائزہ لیاگیاہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے طبی سہولیات کاروزانہ جائزہ لیاجارہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں