مسرت جمشید چیمہ

تین سال مدت والی حکومت مستعفی ہو کر 30سال ناکام حکومتیں کرنے والوں کو موقع دے ؟’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ تین سال والی حکومت مستعفی ہو کر 30سال میں ناکام حکومتیں کرنے والی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کوموقع دے ،موجودہ حکومت ماضی کی طرح ڈھنگ ٹپائو نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے ساتھ طویل المدت پالیسیاں مرتب کررہی ہے ۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ قوم اپوزیشن جماعتوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی سے اچھی طرح آگاہ ہے ،جیسے جیسے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اپوزیشن کی تکلیف بڑھتی جارہی ہے ۔اپوزیشن پانچ سال انتظار کرے اس کے بعد انتخابات کے میدان میںمقابلہ ہوگا اور عوام بہترین منصف ہیں وہ جسے چاہیں گے حکومت میں لے آئیں گے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سچے اور کھرے انسان ہیں اور نظام کے حوالے سے جو بات کرتے ہیں وہ پاکستان کا درد رکھتے ہوئے کرتے ہیں ۔ حکومت نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کئی دہائیوں کے خراب نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں مزاحمت کا سامنا بھی ہے لیکن ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اس جدوجہد کو انجام تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں