شہباز شریف ،حمزہ

شہباز شریف ،حمزہ کیخلاف منی لانڈرنگ ،جعلی بینک اکائونٹس کیس کی سماعت20نومبر تک ملتوی

لاہور(گلف آن لائن)بینکنگ جرائم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اورجعلی بینک اکائونٹس کیس کی سماعت20نومبر تک ملتوی کر تے ہوئے ایف آئی اے کو عبوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ بینکنگ جرائم کورٹ کے جج سردارطاہر صابر نے سماعت کی ۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے حاضری مکمل کی ۔شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے وکیل امجدپرویز کو ڈینگی ہوگیاہے کیس میں صرف تاریخ ڈال دی جائے۔دوران سماعت عدالت نے ایف آئی اے سے کیس سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا کہا جس پر حکام نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ نامکمل ہے، عدالت نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش اب کس سطح پر ہے؟، آپکو عبوری رپورٹ پیش کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اگلے مہینے تک رپورٹ جمع کرا دیںگے۔اس موقع پر شہباز شریف کے ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگرعدالتی دائرہ اختیار نہیں بنتاتو اس کی مکمل رپورٹ پیش کریں، ہم اس چیز کو نہیں مانتے کہ اس کورٹ میں دائرہ اختیار نہیں بنتا۔کمرہ عدالت میں موجود شہبازشریف نے فاضل جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکیل سے میٹنگ ہوئی تھی ہم اس پرمکمل دلائل دیناچاہتے ہیں، امجدپرویزکی طبیعت اگرٹھیک ہوتی توضرور دلائل دیتے۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار پر دلائل دئیے گئے ۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے عدالتی دائرہ اختیار پر رپورٹ پیش کرے ۔عدالت نے کہا کہ تفتیش تو مکمل کریںدائرہ اختیار کا معاملہ بعدمیں دیکھ لیں گے، ایک سال بعد بھی ایف آئی اے نے چالان کیوںپیش نہیں کیا ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت20نومبر تک ملتوی کر دی ۔ سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورکارکنان بھی اظہار یکجہتی کیلئے عدالت آئے اورقیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ پولیس کی جانب سے رکاوٹیںکھڑی کر کے عدالت کی طرف آنے والے راستوں کو بند رکھا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں