اسلام آباد (گلف آن لائن)احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس پر دلائل جاری رہے۔
منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران شاہد خاقان عباسی اور دیگر عدالت پیش ہوئے،دوران سماعت تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کی گزٹڈ کاپی عدالت پیش جی گئی جس پر عدالت نے استفسار کیاکہ تیسرے ترمیمی آرڈیننس کے حوالہ سے کچھ کہنا چاہتے ہیں، اس پر وکیل صفائی بیرسٹر قاسم عباسی نے مختلف قانونی نکات اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلوں کا حوالہ دیااور کہاکہ احتساب عدالت تمام قانونی نکات اور سپریم کورٹ فیصلوں کودیکھ کر فیصلہ کرے، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ جو عدالتی فیصلے پیش کیے گئے ان کا اس ریفرنس پر اطلاق نہیں ہوتا،ای ای ٹی پی ایل اور سوئی سدرن گیس کے درمیان 2029تک کا معاہدہ ہوا،شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل نے 200 فیصد اضافی گیس دینے کی منظوری دی،پیپرا کی تنبیہ کے باوجود ای ای ٹی پی ایل کی ایما پر اقدام اٹھایا گیا،
ایسے عمل کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں،اس دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی روسٹرم پر آ گئے جس پر عدالت نے ان سے استفسار کیاکہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟، شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ میں اس آرڈینس سے استفادہ حاصل نہیں کر رہا،نیب پراسیکیوٹر کے مشکور ہیں کہ وہ تمام حقائق سامنے لے آیا،نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سے ہمیں بہت مدد ملے گی، شاہد خاقان عباسی نے استدعا کی کہ نیب کے دلائل کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے، جس پر عدالت نے کہاکہ ان دلائل کو عدالتی کارووائی کا حصہ بنائیں گے، عدالت نے سماعت 16نومبر تک ملتوی کر دی۔



