آغا سراج درانی

احتساب عدالت نے اثاثہ جات کیس میں آغا سراج درانی کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا

اسلام آباد(گلف آن لائن)احتساب عدالت نے اثاثہ جات کیس میں آغا سراج درانی کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔نیب راولپنڈی نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے سراج درانی کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سراج درانی کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی منتقل کیا جائے گا، پیر کو کراچی کی متعلقہ احتساب عدالت میں پیش کر دیں گے۔جج نے سراج درانی سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟۔ سراج درانی نے جواب دیا کہ انہیں کہیں کہ جلدی کراچی بھجوا دیں۔ عدالت نے سراج درانی کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گزشتہ روز نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کراچی کے بجائے اسلام آباد سے گرفتار ہونے کے حوالے سے کیئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ بس جہاز میں آنے جانے کا شوق ہے۔ایک صحافی نے اسپیکر سندھ اسمبلی سے سوال کیا کہ آغا صاحب! آپ کراچی میں کیوں گرفتار نہیں ہوتے؟

ہمیشہ اسلام آباد سے ہوتے ہیں؟جس پر آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ بس جہاز میں آنے جانے کا شوق ہے۔صحافی نے ان سے پوچھا کہ آپ پہلے بھی گرفتار ہو کر یہاں پیش ہوئے تھے؟آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ یہ اب سے تو نہیں ہو رہا، ہمارے ساتھ 30 سال سے یہی سلوک ہو رہا ہے، 2 سال سے تو کیس چل رہا ہے، پھر ٹرائل کورٹ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں