آصف زرداری

ریاست کو حق نہیں کہ وہ معصوم انسانوں کے قاتلوں کو معاف کرے، آصف زرداری

کراچی(گلف آن لائن)سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہاہے کہ ریاست کو یہ حق نہیں کہ وہ معصوم انسانوں کے قاتلوں کو معاف کرے، سانحہ اے پی ایس کے قاتلوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔سانحہ اے پی ایس کے 7 سال مکمل ہوجانے پر سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب تک سانحہ کے مجرموں کو سزا نہیں دی جاتی قوم معصوم شہیدوں کی مقروض رہے گی، یہ ایک ایسا زخم ہے جس سے آج بھی خون ٹپک رہا ہے۔

آصف زرداری نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کو نیست اور نابود کرنے کا عہد تھا، افسوس قوم سے کیے ہوئے عہد پر من و عن عمل نہیں ہوا، ریاست کویہ حق نہیں کہ وہ محصوم انسانوں کے قاتلوں کومعاف کرے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں سے مذاکرات ریاست کو کمزور اور شرمندہ کرنے کے مترادف ہے، فوج کے بہادر بیٹوں کو سلام جنہوں نے دھرتی کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا، پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے بہادر افسران کو بھی سلام ہے۔سابق صدرمملکت نے کہاکہ دہشت گرد کسی طور بھی معافی کے مستحق نہیں ہیں، موقع ملا تو دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے گی، وطن سے دہشت گردوں کا ایسے صفایا کیا جائے گا جیسے سوات میں کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں