لاہور (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی بانی رہنما ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ ان ہاوس تبدیلی آرہی ہے اور نہ حکومت کہیں جارہی ہے،اپوزیشن صرف اپنا دل بہلا رہی ہے، شو باز کھلی آنکھوں سے وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہی،منڈی بہاوالدین میں ہونے والے جلسے سے اپوزیشن کی رہی سہی لانگ مارچ طو طا کہانی ختم ہو گئی ہے۔
اپنے بیان میں انہو ں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو صرف چوریکھانے سے غرض ہے انہوں نے کبھی بھی عوام کیلئے جدوجہد نہیں کی بطور اپوزیشن مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے،پارلیمنٹ میں ملک کی بہتری کیلئے تجاویز دینے کی بجائے صرف اپنی کرپشن بچانے کا واویلا کیا جاتا ہے، جو لوگ عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیلنے کے ذمہ دار ہیں وہی آج مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ پی ٹی آئی دو نہیں ایک پاکستان کے نظریے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ، آج عوام کو مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کی دلدل سے نکلتا دیکھ کر اپوزیشن کو اپنی سیاسی موت واضح نظر آرہی ہے عوام کی آسودگی و خوشحالی پی ٹی آئی کے وعدے کی تکمیل ہے جس کی جانب ملک تیزی سے گامزن ہے، پی ٹی آئی کی حکومت گذشتہ7دھائیوں کے پیدا شدہ مسائل کا خاتمہ کررہی ہے ،ابتدا میں کئے جانیوالے حکومتی فیصلوں کے ثمرات عوام کوملناشروع ہوچکے ہیں مہنگائی کا خاتمہ ضرور ہوگا عوام کو ان کی دہلیز پر تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔



