مسرت جمشید چیمہ

ریلیوں کو تحریک یا لانگ مارچ کا نام نہیں دیا جا سکتا’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مریم نواز کی آصف زرداری کے بارے میں آڈیو سامنے آنے سے واضح ہو گیا ہے کہ یہ ایک دوسرے سے کتنے مخلص ہیں ، اپوزیشن جماعتیں ب ظاہر تو حکومت کے خلاف میدان میں نکلی ہوئی ہیں لیکن اصل میں ایک دوسرے کو پچھاڑ نے کے چکر میں ہیں، انہیں جب بھی موقع ملے گایہ اپنے مفادات کیلئے ایک دوسرے کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے سے گریز نہیں کریں گے ۔

اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بلاول زرداری تحریک کے نام کرپشن کا جنازہ اٹھا کر کئی روز تک سندھ میں ہی مٹر گشت کرتے رہے ،اب جب پنجاب کی حدود میں داخل ہوئے ہیں تو ان کی تحریک سکڑنا شروع ہو گئی ہے ۔ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے بل بوتے پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جس میں اسے ابھی تک کامیابی نہیں ہو سکی ۔

انہوںنے کہا کہ ریلیوں کو تحریک یا لانگ مارچ کا نام نہیں دیا جا سکتا اور یہ پیپلزپارٹی کوبیک فائر کرے گا ۔ بلاول بھٹو وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں جبکہ حقیقت میں سندھ بھی ان کے ہاتھوں سے نکل رہا ہے اور ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف انہیں سرپرائز دے گی اور سندھ کا وزیر اعلیٰ تحریک انصاف سے ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں