کارپٹ ایسوسی ایشن

کارپٹ ایسوسی ایشن کا اس سال پاکستان میں قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے پیشرفت کرنے کا فیصلہ

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد اس سال پاکستان میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے پیشرفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد حکومت سے رابطہ کیا جائے گا اور قوی امید ہے کہ حکومت ماضی کی طرح اس بار بھی برآمدات کے فروغ کیلئے منعقد کی جانے والی عالمی نمائش کے لئے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی ۔

یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں گروپ لیڈرعبدا للطیف ملک، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف،سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان،سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان ،اکبر ملک،عثمان اشرف سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ شرکاء نے کہا کہ یقینی طور پر روایتی حریف ملک بھی نمائش کا انعقاد کرے گااس لئے ضروری ہے کہ اس حوالے سے حکومت کی مشاورت سے جلد حتمی فیصلہ کر کے غیر ملکی خریداروں سے فوری رابطے بڑھائے جائیں۔

عبد اللطیف ملک نے کہا کہ ماضی میں حکومت خصوصاً ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے تعاون سے منعقد کی جانے والی ہاتھ سے بنے قالینوںکی عالمی نمائشوں سے برآمدات کو فروغ حاصل ہوا ہے جس کی وجہ سے ہماری انڈسٹری کو بھی تقویت ملی ۔ کورونا وباء کی وجہ سے پاکستان میں نمائشوں کے انعقاد میں تعطل آیا تاہم بھرپور کوشش ہو گی کہ اس سال عالمی نمائش کا انعقاد کر کے غیر ملکی خریداروں کو پاکستان مدعو کیا جائے تاکہ مشکلات سے دوچار ہماری انڈسٹری کو آرڈر مل سکیں جس سے ملک کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے جلد ہوم ورک شروع کر کے حکومت سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا تاکہ عالمی نمائش کی تاریخ کا اعلان اوربیرون ممالک سے آنے والے خریداروں کے لئے پیکج کو حتمی شکل دے کر تیاریو ں کا آغاز کیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں