شہباز شریف

شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کی درخواست خارج ،حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور(گلف آن لائن) لاہور کی اسپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت فوری طور پر منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔لاہورکی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کی ۔

دورانِ سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ عدالت تصحیح تب کرتی ہے جب حکم قانون سے ہٹ کر ہو، سپریم کورٹ کی ہدایت ہے اراکین اسمبلی اجلاس میں ہوں تو عدالتیں اکاموڈیٹ کریں، فریال تالپور کے کیس میں بھی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ شامل کیا گیا ہے۔امجد پرویز نے کہا کہ کسی نے عدم اعتماد کے بعد وزارت قانون کا چارج لے لیا،جو اس کیس کو مانیٹر کر رہا ہے،کسی نے سیشن میں شرکت کرنا ہے تو اسے رعایت ملتی ہے۔

شہباز شریف وکیل نے موقف اپنایا کہ ایک شخص کو خوش کرنے کیلئے ایف آئی اے نے ضمانت منسوخی کی درخواست دی۔عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے مسلم لیگ(ن )کے صدر شہبازرشریف کی ضمانت منسوخ کی درخواست کو خارج کردیا۔عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی جبکہ شریک ملزم کی جانب سے عدالتی دائرہ اختیار کی درخواست بھی خارج کردی۔عدالت نے شہباز شریف،حمزہ شہباز اور دیگر کو فرد جرم کے لیے 11 اپریل کو طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں